ممبئی، 27 اگست (یو این آئی) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ وجے ہزارے ٹرافی سید مشتاق علی ٹرافی میں خواتین اور جونیئر کرکٹ میچوں میں پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کھلاڑیوں کوانعامی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یہ اعلان کرتے ہوئے کہا، ’’ہم گھریلو کرکٹ ٹورنامنٹ کے ذریعہ خواتین اور جونیئر کرکٹ میں بھی انعامی رقم دینے کا ارادہ کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ وجے ہزارے ٹرافی اور سید مشتاق علی ٹرافی میں بھی اب پلیئر آف دی میچ کھلاڑی کوانعامی رقم دی جائے گی۔ ہمارا خیال ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو بھی پہچان ملے۔قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال بی سی سی آئی نے تمام گھریلو ٹورنامنٹس کی انعامی رقم بھی بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔ مثال کے طور پر رنجی ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو 5 کروڑ، دلیپ ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو 1 کروڑ، ایرانی کپ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ، سینئر ویمنز ون ڈے کپ جیتنے والی ٹیم کو 50 لاکھ روپے دیے جاتے تھے۔ رنرز اپ اور سیمی فائنل میں پہنچے والی ٹیموں کو بھی انعامی رقم دی جاتی تھی۔