نئی دہلی18مئی: مشرقی دہلی پارلیمانی حلقہ سے کانگریس امیدوار کنہیا کمار پر گزشتہ روز ہوئے شرمناک حملہ کی تمام وجوہات پر روشنی ڈالنے اور حقیقت کو عام لوگوں تک پہنچانے کے لیے آج خود کنہیا کمار نے اپنے دفتر بابر پور میں پریس کانفرنس کے ذریعہ میڈیا سے بات چیت کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کنہیا کمار نے کہا کہ ہم مسلسل اپنی انتخابی مہم میں ایک ہی بات بول رہے ہیں، وہ یہ کہ موجودہ سرکار اپنی تاناشاہی ملک کے عوام پر تھوپنا چاہتی ہے اور جو بی جے پی کے لوگ ہیں ان کو ملک کے آئین پر کوئی بھروسہ نہیں ہے۔ اسی لیے وہ اس ملک کی اپوزیشن کو ختم کرنے کے لیے طرح طرح کے ہتھکنڈے اپناتے ہیں۔ پہلے بدنام کرتے ہیں، پھر ڈراتے ہیں، اور پھر خریدنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کنہیا کمار نے کہا کہ آپ سب نے دیکھا کہ مختلف ریاستوں میں خرید و فروخت اسی طرح کی گئی۔ تاہم یہ لوگ شمال مشرقی دہلی میں بھی یہی کرنا چاہتے ہیں، لیکن یہاں کی عوام جس طرح سے انڈیا اتحاد، کانگریس پارٹی، عام آدمی پارٹی کی حمایت کر رہی ہے، اس سے بی جے پی کے لوگ پوری طرح سے گھبرائے ہوئے ہیں۔ صاف صاف دکھائی دے رہا ہے کہ ہوا کس طرف جا رہی ہے۔ منوج تیواری کے تعلق سے کنہیا کمار نے کہا کہ وہ اس سیٹ پر دو مرتبہ جیت کر آئے ہیں، انہیں اس ملک کے آئین و جمہوری نظام پر اگر بھروسہ ہے تو وہ بتائیں کہ انہوں نے پچھلے 10 سالوں میں کیا کام کیا ہے۔ اپنا کام بتانے کی جگہ منوج تیواری مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں اور جھوٹی ویڈیو پھیلا کر عام لوگوں کو بہکانے کا کام کر رہے ہیں۔ جب عام لوگ ان کی باتوں میں نہیں آئے تو انہوں نے بدنام کرنے کے بعد ڈرانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ کنہیا کمار نے پُر امید ہو کر کہا کہ ہم گاندھی جی کے سپاہی اور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو ماننے والے لوگ ہیں۔ ہمارے اندر شہید اعظم بھگت سنگھ کی بہادری ہے، یہ (بی جے پی والے) کتنی بھی کوشش کر لیں ہم رکیں گے نہیں۔ ہم شمال مشرقی دہلی کی عوام کے مسائل اٹھاتے رہیں گے۔