گالے (سری لنکا) 30 جنوری (یو این آئی) عثمان خواجہ (232)، ٹیو اسمتھ (141) اور جوش انگلس (102) کی شاندار سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے جمعرات کو گالے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کے سامنے چھ وکٹ پر 654 رن کا بڑا اسکور رکھنے کے بعد اننگز ڈکلیئر کر دی ۔ اس کے بعد میزبان سری لنکا بیٹنگ کے لیے آئی اور تین وکٹ کے نقصان پر صرف 44 رن بنا سکی۔ آسٹریلیا کے 654 رن کے جواب میں بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کی شروعات خراب رہی اور صرف 30 رن پر دونوں اوپنرز سمیت تین وکٹ گنوا دیں۔ دنیش چندیمل اور کامندو مینڈس نے اوشادا فرنینڈو (سات)، دیموتھ کرونارتنے (سات) اور اینجلو میتھیوز (سات) کے آؤٹ ہونے کے بعد میزبان ٹیم کی لڑکھڑاتی ہوئی اننگز کو سنبھالا۔ا سٹمپ کے وقت سری لنکا نے 15 اووروں میں 3 وکٹ پر 44 رن بنالئے تھے جن میں دنیش چندیمل (ناٹ آؤٹ 9) اور کامندو مینڈس (ناٹ آؤٹ 13) کریز پر موجود تھے۔ سری لنکا اس وقت آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے اسکور سے 610 رن پیچھے ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک، میتھیو کنمین اور نیتھن لیون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل آج آسٹریلیا نے اپنی اننگز 330 رن دو کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی۔ آسٹریلیا نے اپنی تیسری وکٹ اسٹیو سمتھ (141) کی صورت میں گنوائی۔ وہ جیفری وینڈرسے کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ اس کے بعد پربھات جے سوریا نے عثمان خواجہ کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو بڑا جھٹکا دیا۔ عثمان خواجہ نے 352 گیندوں پر 16 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے (232) رن بنائے۔ جوش انگلس نے 94 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 102 رن بنائے۔ انہیں بھی جے سوریا پربھات نے آؤٹ کیا۔ بو ویبسٹر (23) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا نے 154 اووروں میں چھ وکٹ کے نقصان پر 654 رن بنانے کے بعد اننگز ڈکلیئر کر دی۔ ایلکس کیری (46) اور مچل اسٹارک (19) رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے پربھات جے سوریا اور جیفری وینڈرسے نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔