ویلنگٹن، 23 دسمبر (یو این آئی) ایشلے گارڈنر (74)، فوبی لیچفیلڈ (50) کی نصف سنچری اننگز کے بعد انابیل سدرلینڈ، الانا کنگ (تین) کی شاندار گیند بازی کی بدولت آسٹریلیا کی خواتین ٹیم نے پیر کو تیسرا ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو 75 رنز سے شکست دی۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز 2-0 سے جیت لی۔ انابیل سدرلینڈ کو ان کی بہترین کارکردگی پر ‘پلیئر آف دی میچ’ اور ‘پلیئر آف دی سیریز’ سے نوازا گیا۔
آسٹریلیا کے 290 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی بیلا جیمز اور امیلیا کیر کی اوپننگ جوڑی نے پہلی وکٹ کے لیے 43 رنز جوڑے۔ سدرلینڈ نے نویں اوور میں بیلا جیمز (24) کو بولڈ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد امیلیا کیر نے سوزی بیٹس کے ساتھ مورچہ سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 63 رنز کی شراکت ہوئی۔ سدرلینڈ نے 20ویں اوور میں سوزی بیٹس (53) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ اگلے ہی اوور میں امیلیا کیر (22) رن بناکر پویلین لوٹ گئیں۔ اس کے بعد کپتان سوفی ڈیوائن (25)، بروک ہالیڈے (27) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ میڈی گرین 35 گیندوں میں (39) رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہی۔ نیوزی لینڈ کا کوئی بھی لوئر آرڈر بلے باز آسٹریلوی بالنگ اٹیک کے سامنے نہ ٹھہر سکی۔ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 43.3 اوورز میں 215 کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے انابیل سدرلینڈ اور الانا کنگ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ کم گارتھ اور ڈارسی براؤن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ الیسا ہیلی اور فوبی لیچ فیلڈ کی آسٹریلوی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 88 رنز جوڑے۔ 15ویں اوور میں امیلیا کیر نے ہیلی (39) کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔ فوبی لیچفیلڈ (50) کو روزمیری مائر نے آؤٹ کیا۔ ایلیز پیری (14)، بیتھ مونی (2)، انابیل سدرلینڈ (42) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ایشلے گارڈنر نے 62 گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیلی جس میں نو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ تہلیا میک گرا، کم گارتھ 10-10 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ نیوزی لینڈ کی گیند بازوں نے آسٹریلیا کی خواتین ٹیم کو 49 اوورز میں 290 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے امیلیا کیر نے چار اور روزمیری مائر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ سوفی ڈیوائن نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔