ہوبارٹ، 18 نومبر (یو این آئی) گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد مارکس اسٹونیس (ناٹ آؤٹ 61) کی طوفانی اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے پیر کو تیسرے ٹی-20 میچ میں پاکستان کو 52 گیندیں باقی رہ کر سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کا صفایا کر دیا۔ 118 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی شروعات خراب رہی اور اس نے 3.3 اوورز میں 30 کے اسکور پر دو وکٹیں گنوا دیں۔ میتھیو شارٹ (2)، جیک فریزر-میک گرک (16) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد کپتان جوش انگلیس اور مارکس اسٹوئنس نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 55 رنز کی شراکت ہوئی۔ عباس آفریدی نے 10ویں اوور میں جوش انگلس (27) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ مارکس اسٹونیس نے 27 گیندوں میں پانچ چوکے اور پانچ چھکے مار کر(ناٹ آؤٹ 61) رنز کی اننگز کھیلی۔ ٹم ڈیوڈ سات رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا نے 11.2 اوورز میں تین وکٹ پر 118 رنز بنائے اور میچ سات وکٹوں سے جیت لیا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، عباس آفریدی اور جہانداد خان نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے آئے پاکستان کا آغاز اچھا نہیں تھا اور 17 کے اسکور پر اوپنر صاحبزادہ فرحان (نو) کو اسپینسر جانسن نے آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد حسیب اللہ خان نے بابر اعظم کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ایڈم زمپا نے ساتویں اوور میں حسیب اللہ خان (24) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد پاکستان کی اننگز سمٹ گئی۔ عثمان خان (تین)، آغا سلمان (ایک)، عرفان خان (10)، عباس آفریدی (ایک)، جہانداد خان (پانچ)، شاہین شاہ آفریدی (16)، سفیان مقیم (ایک) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم نے 28 گیندوں پر (41) رنز بنائے۔ وہ ایڈم زمپا کے ہاتھوں بولڈ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 18.1 اوورز میں 117 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایرون ہارڈی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اسپینسر جانسن اور ایڈم زمپا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ نیتھن ایلس اور زیویئر بارٹلیٹ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔