آکلینڈ، 23 فروری (یو این آئی) آسٹریلیا نے ٹریوس ہیڈ کی 45 رنز کی طوفانی اننگ اور پھر ایڈم زیمپا 4وکٹ کی شاندار گیند بازی کی بدولت جمعہ کو دوسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کو 72 رنز سے شکست دے دی۔175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی شروعات انتہائی خراب رہی اور پہلے ہی اوور میں اوپنر فن ایلن چھ رنز کا وکٹ گنوادیا۔ ول ینگ بھی چوتھے اوور میں پانچ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ کپتان مچل سینٹنر بھی سات رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس نے 35 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 42 رنز کی سب سے بڑی اننگ کھیلی۔ مارک چیپ مین دو، جوش کلارکسن 10، ایڈم ملنے صفر، ٹرینٹ بولٹ 16، لوکی فرگوسن چار رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ بین سیئرز دو رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے اور ڈیون کونوے انجری کے باعث کھیلنے نہیں آئے۔ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 17 اوورز میں 102 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔اس میچ میں نیوزی لینڈ کے پانچ بلے باز بولڈ آؤٹ ہوئے۔ سات بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ نیتھن ایلس کو دو وکٹ ملے۔ جوش ہیزل ووڈ، پیٹ کمنز اور مچل مارش نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے یہاں ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری آسٹریلیا کی ٹریوس ہیڈ اور اسٹیو اسمتھ کی جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے 32 رنز جوڑے۔ فرگوسن نے تیسرے اوور کی پہلی گیند پر اسمتھ کو 11 رنز پر آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو پہلا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آنے والے کپتان مچل مارش نے ہیڈ کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 53 رنز کی شراکت قائم کی۔ سیئرز نے ساتویں اوور میں ٹریوس ہیڈ کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ ہیڈ نے 22 گیندوں میں دو چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔ اس کے بعد سیئرز نے گلین میکسویل کو چھ رنز پر آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ مچل مارش نے 26، جوش انگلس نے پانچ رنز، ٹم ڈیوڈ نے 17 رنز، میتھیو ویڈ نے ایک رن، پیٹ کمنز نے 28، ایڈم زیمپا نے ایک رن بنایا اور جوش ہیزل ووڈ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ نیتھن ایلس 11 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی 12 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں اور آسٹریلیا کو 19.5 اوورز میں 174 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ ایڈم ملنے، بین سیئرز اور مچل سینٹنر نے دو دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔