گوہاٹی4دسمبر : آسام میں بیف پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ آسام کے وزیراعلی ہیمنت بسوا سرما نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آج آسام کابینہ نے ریاست کے ہوٹلوں، ریستورانوں اور عوامی مقامات پر گائے کے گوشت پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بیف پر پابندی کو لے کر ہوئے فیصلے کے بعد آسام کے وزیر پیوش ہزاریکا نے پوسٹ کیا کہ میں آسام کانگریس کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ گائے کے گوشت پر پابندی کا استقبال کریں یا پاکستان میں جاکر بس جائیں ۔ پریس کانفرنس کے دوران ہیمنت بسوا سرما نے کہا کہ آسام کابینہ کی توسیع 7 دسمبر کو دوپہر 12 بجے ہوگی ۔
بتادیں کہ وزیراعلی نے حال ہی میں کہا تھا کہ اگر کانگریس کے ریاستی صدر بھوپین کمار بورا انہیں خط لکھ کر مطالبہ کریں تو وہ آسام میں بیف پر پابندی عائد کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ دراصل آسام میں کانگریس ممبر پارلیمنٹ رقیب الحسین نے بی جے پی پر الزام لگایا تھا کہ اس نے ناگاوں ضلع کے سام گوری اسمبلی میں ایک بیف پارٹی منعقد کی تھی ۔ حسین کا دعوی تھا کہ اس انعقاد کا مقصد مسلم ووٹروں کو راغب کرنا تھا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے پاس اس بات کے ثبوت ہیں اور وہ اس معاملہ پر الیکشن کمیشن کے ذریعہ پوچھے گئے کسی بھی سوال کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں ۔