نئی دہلی 26دسمبر:کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے کرناٹک کے بیلگاوی میں منعقدہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے لیے بھیجے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ مہاتما گاندھی ہماری تحریک کا بنیادی ذریعہ رہے ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی اقتدار میں بیٹھے لوگوں سے مہاتما گاندھی کی وراثت کو خطرہ ہے۔ جن تنظیموں نے کبھی آزادی کے لیے جدوجہد نہیں کی، انہوں نے مہاتما گاندھی کی شدید مخالفت کی اور ایسا زہریلا ماحول پیدا کیا جس کی وجہ سے ان کا قتل ہوا۔ خیال رہے کہ کیرالہ کے بعد کانگریس پارٹی کا سی ڈبلیو سی (کانگریس ورکنگ کمیٹی) اجلاس اب بیلگام، کرناٹک میں منعقد ہوا۔ یہ اجلاس نہ صرف پارٹی کے آئندہ سیاسی راستوں کی تشکیل کے لیے اہمیت کا حامل تھا بلکہ اس نے پارٹی کی نظریاتی اور تنظیمی پوزیشن کو بھی دوبارہ مستحکم کرنے کی کوشش کی۔ اس اجلاس میں کانگریس کے اہم رہنماؤں نے مختلف سیاسی مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پارٹی کے مستقبل کی حکمت عملی وضع کی۔ اجلاس کے لئے بھیجے گئے اپنے پیغام میں سونیا گاندھی نے کہا، ’’آئیے ہم ذاتی اور اجتماعی طور پر پارٹی کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے عزم اور نئی روح کے ساتھ آگے بڑھیں۔‘‘ وہ خود میٹنگ میں شرکت نہیں کر سکیں اور اپنے خط میں اس پر افسوس ظاہر کیا۔