پٹنہ، 19 فروری (یواین آئی) بہار میں حکمراں جماعت جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) نے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر لیڈر تیجسوی پرساد یادو کے مہاگٹھبندھن حکومت میں چار لاکھ نوکریاں دینے کے بیان کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی بحالی پر سابق وزیر تعلیم چندر شیکھر کے دستخط تک نہیں ہیں، اس لیے آر جے ڈی کو اساتذہ کی تقرری کا جھوٹا کریڈٹ لینا بند کرنا چاہیے۔
جے ڈی یو کے قومی ترجمان راجیو رنجن نے پیر کو کہا کہ اپنے سیاسی گرو راہل گاندھی کی ہی طرح آر جے ڈی کے یوراج کو بھی جھوٹ کی سیاست ککرنا کا چسکا پڑگیا ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ ایک طرف جہاں مسٹر گاندھی ذات پات کی مردم شماری پر لمبی لمبی پھینک رہے ہیں، وہیں دوسری طرف تیجسوی نوکریوں کے بارے میں ڈینگ ہانک رہے ہیں جب کہ بہار کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ یہ تمام حصولیابیاں وزیر اعلیٰ نتیش کمارکے عزم کا نتیجہ ہیں۔مسٹررنجن نے کہا کہ مسٹرنتیش کمار کی مہربانی سے اقتدار میں اتنے دن گزارنے کے بعد بھی آر جے ڈی لیڈر کو نوکریاں پیدا کرنے کے عمل تک کا پتہ نہیں چل پایا ہے۔