نئی دہلی 28اگست: آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کی سیکوریٹی میں اضافہ کرکے اسے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی سطح کا کر دیا گیا ہے۔ پہلے بھاگوت کو زیڈ پلس سیکوریٹی مل رہی تھی لیکن آئی بی کے الرٹ کا حوالہ دیتے ہوئے اسے ایڈوانس سیکوریٹی لائزن (اے ایس ایل) کر دیا گیا ہے۔ اس طرح اب وہ سی آئی ایس ایف جوانوں کی نگرانی میں رہیں گے۔ نئی سیکوریٹی ملنے کے بعد موہن بھاگوت جہاں بھی جائیں گے وہاں پہلے سے ہی سی آئی ایس ایف کی ٹیم موجود رہے گی۔ غور طلب رہے کہ سیکوریٹی کیٹیگری اور خفیہ بیورو کی طرف سے تحفظ سے متعلق خطروں کو دیکھتے ہوئے ملک کے وی وی آئی پی اور دیگر علاقوں کے لوگوں کو یہ سیکوریٹی دی جاتی ہے۔ ہندوستان میں 4 طرح کی سیکوریٹی کیٹیگری ہے جس کے تحت ایکس، وائی، زیڈ اور زیڈ پلس سیکوریٹی آتی ہے۔ اس طرح کی سیکوریٹی پر ہر سال کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔ وی وی آئی پی، وی آئی پی، سیاسی رہنما، ہائی پروفائل شخصیتوں اور نامور کھلاریوں کو یہ تحفظ پولیس اور مقامی حکومت کے علاوہ نیشنل سیکوریٹی گارڈس (این ایس جی)، انڈو-تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی جانب سے دی جاتی ہے۔ این ایس جی کا استعمال وی وی آئی پی اور وی آئی پی لوگوں کے تحفظ کے لیے سب سے زیادہ کیا جاتا ہے۔