برسبین، 18 دسمبر (یو این آئی) ہندوستان کے لیجنڈری اسپن گیند باز روی چندرن اشون نے بدھ کو کرکٹ کے تینوں فارمیٹس سے رٹائرمنٹ لے لی۔ آج اشون نے گابا ٹسٹ کے بعد ایک پریس کانفرنس میں بین الاقوامی کرکٹ سے رٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ اس دوران کپتان روہت شرما بھی ان کے ساتھ تھے۔ رٹائرمنٹ سے قبل اشون کو وراٹ کوہلی کے ساتھ ڈریسنگ روم میں بیٹھے دیکھا گیا تھا۔ اس دوران کوہلی نے انہیں گلے بھی لگایا۔ اشون ایڈیلیڈ ڈے-نائٹ ٹسٹ میں ٹیم انڈیا کا حصہ تھے۔ اشون نے پریس کانفرنس میں کہا- “یہ ایک بین الاقوامی کرکٹر کے طور پر تمام فارمیٹس میں میرا آخری میچ تھا۔ میرے اندر کرکٹ ابھی باقی ہے لیکن اب میں اسے کلب سطح کی کرکٹ میں دکھانا چاہوں گا۔ میں کرکٹ سے بہت لطف اندوز ہوا۔ روہت اور دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ بہت سی یادیں ہیں۔ میں بی سی سی آئی اور ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔ میں کچھ لوگوں کے نام بھی لینا چاہوں گا۔ وہ تمام کوچز جو اس سفر کا حصہ تھے۔ روہت، وراٹ، رہانے، جنہوں نے بہت سے کیچ لیے اور میری وکٹ لینے میں مدد کی۔ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا بھی شکریہ، مجھے ان کے خلاف کھیل کر ہمیشہ مزہ آیا۔ اشون نے کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں 287 میچ کھیلے اور 765 وکٹیں حاصل کیں۔ اشون ہندوستان کے دوسرے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بالر ہیں۔
ان سے آگے صرف انل کمبلے ہیں جنہوں نے 953 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ آر اشون نے ٹسٹ کرکٹ میں 106 میچوں میں 537 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے 37 مرتبہ پانچ وکٹیں اور میچ میں آٹھ مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کیں۔ اشون نے 116 ون ڈے میچوں میں 156 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 65ٹی-20 میچوں میں 72 وکٹیں حاصل کیں۔ ایک بلے باز کے طور پر اشون نے ٹسٹ کرکٹ میں 3503 رنز بنائے اور کل چھ ٹسٹ سنچریاں بنائیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کے نام کل آٹھ سنچریاں ہیں۔ ان کے ون ڈے کرکٹ میں 707 اور ٹی ٹوئنٹی میں 184 رنز ہیں۔