ممبئی :23؍دسمبر:معروف فلم ڈائریکٹر، اسکرین رائٹر اور پروڈیوسر شیام بینیگل پیر کو ممبئی میں انتقال کر گئے۔ انہوں نے شام 6:38 بجے ممبئی سینٹرل کے ووکارٹ اسپتال میں آخری سانس لی۔ان کی آخری رسومات منگل کو ادا کی جائے گی۔ ان کی بیٹی پیا بینیگل نے کہا، وہ ایک طویل عرصے سے گردے کی بیماری سے لڑ رہے تھے۔” دو سال قبل ان کے دونوں گردے فیل ہو گئے تھے۔ تب سے وہ ڈائیلاسز پر تھے۔سب سے زیادہ نیشنل ایوارڈ جیتنے کا ریکارڈ شیام بینیگل کے نام ہے۔ انہیں یہ ایوارڈ 8 فلموں کے لیے دیا گیا ہے۔شیام سندر بینیگل 14 دسمبر 1934 کو حیدرآباد میں ایک برہمن گھرانے میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے معاشیات کی تعلیم حاصل کی۔ بعد میں فوٹوگرافی شروع کی۔ انہیں بالی ووڈ میں آرٹ سنیما کا بانی بھی سمجھا جاتا ہے۔
جب وہ بارہ سال کے تھے تو انہوں نے اپنے والدشریدھر بینگل کے ذریعہ دئے گئے کیمرے سے اپنی پہلی فلم بنائی تھی۔ ان کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ نیرا بینیگل اور بیٹی پیا بینیگل ہیں۔شیام بینیگل کی 90 ویں سالگرہ کے موقع پر شبانہ اعظمی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر یہ تصویر شیئر کی تھی۔شیام بینیگل کی فلموں نے ہندوستانی سنیما کو بہترین اداکاروں سے متعارف کرایا۔جس میں نصیر الدین شاہ، اوم پوری، امریش پوری، اننت ناگ، شبانہ اعظمی، سمیتا پاٹل اور سینماٹوگرافر گووند نہلانی جیسے کلاکار قابل ذکر ہیں۔جواہر لعل نہرو اور ستیہ جیت رے پر دستاویزی فلمیں بنانے کے علاوہ انہوں نے دور درشن کے لیے سیریل ‘یاترا، ‘کتھا ساگر اور’’ ‘بھارت ایک کھوج‘‘ بھی ہدایت کیں۔ شیام نے 24 فلمیں، 45 دستاویزی فلمیں اور 15 اشتہاری فلمیں بنائیں۔ انہوں نے زبیدہ، دی میکنگ آف دی مہاتما، نیتا جی سبھاش چندر بوس: دی فارگوٹن ہیرو، منڈی، آروہن، ویلکم ٹو سجن پور جیسی درجنوں بہترین فلموں کی ہدایت کاری کی۔فلم انڈسٹری میں ان کی شراکت کے لیے انہیں 1976 میں پدم شری اور 1991 میں پدم بھوشن سے نوازا گیا۔
اس کے علاوہ انہیں 8 قومی ایوارڈز بھی نوازا گیا۔ ان کے پاس سب سے زیادہ نیشنل ایوارڈ جیتنے کا ریکارڈ ہے۔بینیگل کو 2005 میں ہندوستانی سنیما کے سب سے بڑے اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے بھی سرفرازکیا گیا۔