بھوپال، 20 فروری (رپورٹر) بھوپال کے بڑا تالاب بھدبھدا علاقے میں واقع ہوٹل تاج کے سامنے بھدبھدا بستی سے 21 فروری کو تجاوزات ہٹا دی جائیں گی۔ ضلع انتظامیہ نے بھدبھدا بستی سے تجاوزات ہٹانے کے لیے آج آخری تاریخ دی ہے۔ اس کے لیے انتظامیہ نے سامان کی منتقلی کے لیے گاڑیاں کالونی بھیجیں تاہم لوگوں نے دوپہر تک گھر خالی نہیں کیے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے رہائش کا کوئی انتظام نہیں کیا ہے۔ ایسی حالت میں ہم کہاں جائیں؟ انتظامیہ پہلے رہائش فراہم کرے پھر شفٹ کریں، مکینوں کا کہنا تھا کہ بستی میں ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد رہائش پذیر ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے انہیں رہنے کے لیے کوئی جگہ نہیں دی ہے۔ اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ پہلے رہائش کا انتظام کیا جائے۔ تب ہی شفٹ کیا جائے۔ بتادیں کہ این جی ٹی کے حکم کے بعد ضلع انتظامیہ تجاوزات کو ہٹا رہی ہے۔ حال ہی میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اس حوالے سے ایک منادی بھی کرائی گئی تھی۔ ساتھ ہی رہائشیوں کو تجاوزات ہٹانے کے لیے تین دن کا وقت دیا گیا تھا۔ یہ مدت پیر کو ختم ہوگئی۔ اس دوران کلکٹر کوشلندر وکرم سنگھ نے مکینوں کی میٹنگ کی اور ایک دن کی مزید مہلت دی ہے۔