احمد آباد، 10 مئی (یو این آئی) آئی پی ایل میں آج کھیلے گئے میچ میں گجرات ٹائٹنز نے چنئی سپر کنگس کو35رن سے ہرادیا۔ مقررہ ہدف 232رن کا تعاقب کرتے ہوئے چنئی کی ٹیم 20 اوور میں8 وکٹ پر صرف196رن ہی بناسکی۔قبل ازیں سائی سدرشن (103) اور کپتان شبمن گل (104) کی جارحانہسنچریوں کی بدولت گجرات ٹائٹنز نے انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کے 59ویں میچ میں چنئی سپر کنگز کو 232 رنز کا ہدف دیا ۔آج یہاں چنئی سپر کنگز کے کپتان روتوراج گائیکواڑ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ گجرات ٹائٹنز کی اوپننگ جوڑی سائی سدرشن اور کپتان شبمن گل نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور میدان میں چاروں طرف شاٹس مارتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 210 رنز کی ریکارڈ ساز شراکت داری کی۔ 18ویں اوور میں تشار دیشپانڈے نے سائی سدرشن کو آؤٹ کر کے چنئی کو پہلی کامیابی دلائی۔ سائی سدرشن نے 51 گیندوں میں پانچ چوکے اور سات چھکے لگا کر 103 رنز بنائے۔ شبمن گل نے 55 گیندوں پر 104 رنز کی اننگز کھیلی جس میں نو چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔ انہیں بھی تشار دیشپانڈے نے آؤٹ کیا۔ جب تک دونوں بلے باز کھیل رہے تھے، اسٹیڈیم میں چوکوں اور چھکوں کی بارش ہوتی رہی۔ شاہ رخ خان آخری گیند پر دو رنز پر رن ​​آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ ملر نے 11 گیندوں پر 16 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ گجرات نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں پر 231 رنز بنائے۔
چنئی سپر کنگز کی جانب سے تشار دیش پانڈے نے دو وکٹیں حاصل کیں۔