آئی پی ایل میں راجستھان کی مسلسل چوتھی جیت

0
17

جے پور، 06 اپریل (یو این آئی)راجستھان رائلز نے انڈین پریمیئر لیگ 2024 (آئی پی ایل) میں مسلسل چوتھی جیت درج کی ہے۔ ٹیم نے اب ہوم گراؤنڈ جے پور میں رائل چیلنجرز بنگلور کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ 17ویں سیزن میں آر سی بی کی یہ چوتھی شکست ہے۔
سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں آر سی بی نے 20 اوور میں 3 وکٹ پر 183 رنز بنائے۔ آر آر نے ہدف 19.1 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ جوس بٹلر نے سنچری اننگز کھیلی۔ انہوں نے میچ کا آخری اوور پھینکنے والے کیمرون گرین کی پہلی گیند پر چھکا لگا کر 58 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ کپتان سنجو سیمسن نے 69 رنز بنائے۔ بٹلر-سیمسن کے درمیان 148 رنز کی میچ وننگ پارٹنرشپ ہوئی۔آر سی بی کی جانب سے ویراٹ کوہلی نے سیزن کی پہلی سنچری اسکور کی، انہوں نے 73 گیندوں پر 113 رنز بنائے، لیکن ان کی ٹیم اسکور کا دفاع نہ کرسکی۔ یجوویندر چہل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں ویراٹ کوہلی کی شاندار سنچری (ناٹ آؤٹ 113) اور فاف ڈیو پلیسس (44) کے ساتھ 125 رن کی شراکت کی مدد سے رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے یہاں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں ہفتہ کے روز راجستھان رائلز (RR) کے خلاف تین وکٹ پر 183 رنز کا چیلنجنگ اسکور بنایا۔سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے آئی آر سی بی کی اوپننگ جوڑی نے جارحانہ آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے پہلے 14 اوورز میں 125 رن بنا کر بڑے اسکور کا اشارہ دیا۔
ڈو پلیسس 15 ویں اوور کی پہلی گیند پر اسپن بولر یجویندر چہل کا شکار بن گئے جس کے بعد کھیل کے آخری چھ اوورز میں ویراٹ نے اپنی رفتار بڑھاتے ہوئے میدان کے چاروں طرف چوکے اور چھکے لگائے۔ اپنی سنچری میں انہوں نے 72 گیندیں کھیلی اور 12 چوکے اور چار اونچے چھکے لگائے۔حالانکہ ڈو پلیسس کے بعد انھیں دوسرے سرے پر متوقع مدد نہیں ملی، ورنہ آر سی بی کا اسکور 200 کے قریب پہنچ سکتا تھا۔ گلین میکسویل صرف ایک رن بنا سکے جبکہ سوربھ چوہان نے نو رن کا اسکور بنایا۔ کیمرون گرین پانچ رن بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے۔راجستھان کے سب سے کامیاب گیند باز یجویندر چہل رہے جنہوں نے 34 رن پر مہمان ٹیم کے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا جبکہ نیندر برجر نے میکسویل کی وکٹ حاصل کی۔