نئی دہلی، 22 مارچ (یو این آئی) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 کا آغاز 22 مارچ کو دفاعی چیمپئن چنئی سپر کنگز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان میچ سے ہوگا۔یہ میچ چنئی کے ایم چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں چار پلے آف میچوں کے ساتھ کل 74 میچ کھیلے جائیں گے۔دہلی کیپٹلس 22 مارچ سے 7 اپریل کے درمیان دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں نہیں کھیل سکے گی۔ اس دوران، ان کے دونوں میچ وشاکھاپٹنم کے اے سی اے- وی ڈی سی اے اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ویمنز پریمیئر لیگ کے آخری راؤنڈ کے میچ سمیت فائنل 17 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ اس وجہ سے یہاں آئی پی ایل کا کوئی میچ نہیں رکھا گیا ہے۔دہلی، گجرات ٹائٹنز اور آر سی بی 17 دنوں کے ابتدائی شیڈول میں اپنے 14 میں سے پانچ میچ کھیلیں گے۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز صرف تین میچ باقی تمام ٹیمیں چار میچ کھیلیں گی۔ پنجاب کنگز اپنے ہوم میچز موہالی میں کھیلے گی یا پھر پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے ملان پور میں بنائے گئے نئے اسٹیڈیم میں کھیل سکتی ہے۔آئی پی ایل گورننگ کونسل مکمل شیڈول جاری کرنے سے پہلے ملک میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کی تاریخوں کے اجراء کا انتظار کر رہی ہے۔ سال 2009 میں پورا ٹورنامنٹ اور 2014 میں پہلے 20 میچ عام انتخابات کی وجہ سے باہر ہوئے تھے لیکن اس بار ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) پورے ٹورنامنٹ کا انعقاد ہندوستان میں کرنا چاہتا ہے، اس لیے سیکیورٹی اور دیگر امور کو دیکھتے ہوئے الیکشن کی تاریخ کا انتظار کررہی ہے۔ٹورنامنٹ کا پہلا دن ایم ایس دھونی کی میدان میں واپسی کے طور پر دیکھا جائے گا۔ گزشتہ سیزن میں احمد آباد میں بارش سے متاثرہ فائنل میں گجرات کو شکست دے کر خطاب جیتنے کے بعد دھونی کو گھٹنے کی سرجری کرانی پڑی تھی اور اس کے بعد سے انہوں نے کوئی پیشہ ورانہ کرکٹ نہیں کھیلی۔ ٹورنامنٹ میں ہاردک پانڈیا کی ممبئی انڈینس میں واپسی بھی ہوگی۔ دو سیزن تک گجرات کی کپتانی کرنے کے بعد اب وہ ممبئی کی کپتانی کرتے نظر آئیں گے۔ دسمبر 2022 میں کار حادثے کے بعد رشبھ پنت بھی پہلی بار پروفیشنل کرکٹ میں واپس آئیں گے۔