بنگلورو، 12 مئی (یو این آئی)آئی پی ایل میں آج کھیلے گئے دوسرےمیچ میں رائل چیلنجر بینگلورو نے دہلی کیپٹلس کو 47رن سے شکست دیدی۔ 188رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دہلی کی پوری ٹیم 1.19اوور میں 140رن پر آؤٹ ہوگئی۔دہلی کی طرف سے قائم مقام کپتان اکشرپٹیل ہی کچھ مزاحمت کرسکے اور انہوں نے 57رن کی اننگ کھیلی۔ اس کے علاوہ شائی ہوپ نے 29رن کا تعاودیا۔ دیگرکوئی بھی بلے باز اچھی کارکردگی پیش نہیں کرسکے۔ بینگلورو کی طرف سے یش دیال نے 3اورلوکی فرگیوسن نے دووکٹ لئے۔ قبل ازیں رجت پاٹیدار (52)، ول جیکس (41) اور کیمرون گرین (32) کی شاندار بلے بازی کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 62ویں میچ میں دہلی کیپٹلس کو اتوار کے دن 188 رنز کا ہدف دیا۔
آج ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں رشبھ پنت کی غیر موجودگی میں اکشر پٹیل نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلے بازی کے لیے آنے والی رائل چیلنجرز بنگلور کی شروعات خراب رہی اور تیسرے اوور میں کپتان فاف ڈو پلیسس (6) کی وکٹ گنوا بیٹھی۔ انہیں مکیش کمار نے آؤٹ کیا۔ وراٹ کوہلی بھی چوتھے اوور میں پویلین لوٹ گئے۔ انہیں ایشانت شرما نے آؤٹ کیا۔ وراٹ کوہلی نے 13 گیندوں میں ایک چوکا اور تین چھکے لگا کر 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ ٹاپ دو بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ول جیکس اور رجت پاٹیدار نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت ہوئی۔ ول جیس نے 29 گیندوں میں تین چوکے اور دو چھکے لگا کر (41) رنز بنائے۔ رجت پاٹیدار نے 32 گیندوں میں تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ مہیپال لومرور (13) 13 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کیمرون گرین نے 24 گیندوں پر 32 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ آر سی بی جو ایک وقت میں بڑے اسکور کی طرف بڑھ رہا تھا، آخری پانچ اووروں میں پانچ وکٹ گنوانے کے بعد نو وکٹ پر 187 رنز ہی بنا سکی۔ اس کے دو بلے باز جلد بازی میں رن آؤٹ ہو گئے۔دہلی کیپٹلس کی جانب سے خلیل احمد اور راسخ سلام نے دو دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ ایشانت شرما، مکیش کمار اور کلدیپ یادو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔