احمد آباد:17؍اپریل(ایجنسی)انڈین پریمیئر لیگ2024 کے 32 ویں میچ میں دہلی کیپٹلس نے گجرات ٹائٹنس کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ٹیم نے 90 رنز کا ہدف 8.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ اوپنر جیک فریزر میگارک نے 10 گیندوں پر 20 رنز بنائے، شائی ہوپ نے 10 گیندوں پر 19 رنز بنائے اور کپتان رشبھ پنت نے 16 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ سندیپ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں دہلی نے ٹاس جیت کر بولنگ کا انتخاب کیا۔ گجرات ٹائٹنس 17.3 اوور میں 89 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ اس آئی پی ایل سیزن میں یہ کسی بھی ٹیم کا اب تک کا سب سے کم اسکورہے۔ اس سے قبل گزشتہ سال دہلی کے خلاف ٹیم 125 رنز تک محدود رہی تھی۔ڈی سی کی جانب سے مکیش کمار نے 3، ایشانت شرما اور ٹرسٹن اسٹبس نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔ اکشر پٹیل اور خلیل احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ایک بلے باز رن آؤٹ ہوا۔ گجرات کی جانب سے راشد خان نے 31 رنز بنائے، کوئی دوسرا بلے باز 15 رنز کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکا۔ سائی سدرشن نے 12 اور راہول تیوتیا نے 10 رنز بنائے۔اس جیت کے بعد دہلی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں نویں سے چھٹے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ رشبھ پنت کی ٹیم کو تین مقام کا فائدہ ہوا ہے۔ دہلی نے 7 میں سے 3 میچ جیت کر 6 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ ٹیم کو 4 میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ دوسری طرف، گجرات ٹیبل میں 7ویں نمبر پر آگیا ہے۔ گجرات نے بھی 7 میں سے 3 میچ جیتے ہیں، جب کہ اسے چار میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔دہلی نے 8.5 اوور میں 90 رنز کے ہدف کا تعاقب کیا۔ سمیت کمار نے نور احمد کے اوور کی 5ویں گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ وہ 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جب کہ کپتان رشبھ پنت 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔