لکھنؤ:12؍اپریل:(ایجنسی)دہلی کیپٹلز نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف اپنی پہلی جیت درج کی ۔ ٹیم نے رواں سیزن کے 26ویں میچ میں سپر جائنٹس کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ لگاتار دو شکستوں کے بعد دہلی کی یہ پہلی جیت ہے، جب کہ لکھنؤ کو لگاتار تین جیت کے بعد شکست ہوئی ہے۔
جمعہ کو لکھنؤ میں دہلی نے 168 رنز کا ہدف 18.1 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس سے قبل لکھنؤ نے اپنے ہوم گراؤنڈ ایکنا اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 167 رنز بنائے۔
ڈی سی کے لیے ڈیبیو کرنے والے جیک فریزر میگرک نے 35 گیندوں میں 55 رنز کی نصف سنچری اسکور کی، جب کہ کپتان رشبھ پنت نے 41 رنز کا تعاون دیا۔ روی بشنوئی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ایل ایس جی کی جانب سے آیوش بدونی نے 31 گیندوں پر 55 رنز کی ناقابل شکست نصف سنچری کھیلی۔ انہوں نے ارشد خان کے ساتھ 8ویں وکٹ کے لیے 73 رنز بھی جوڑے۔ کپتان کے ایل راہول نے 39 رنز بنائے۔ کلدیپ یادیو نے 20 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ خلیل احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔