حیدرآباد، 05 اپریل (یو این آئی)سن رائزرس حیدرآباد نے انڈین پریمیئر لیگ 2024 میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر لگاتار دوسرا میچ جیت لیا ہے۔ ٹیم نے سیزن کے 18ویں میچ میں چنئی سپر کنگزکو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ حیدرآباد کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں پانچویں نمبر پر آگئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی چنئی تیسرے نمبر پر برقرار ہے۔
جمعہ کو راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ چنئی نے 20 اوور میں 5 وکٹ پر 165 رن بنائے۔ حیدرآباد نے 166 رنز کا ہدف 18.1 اوور میں 4 وکٹ پر حاصل کر لیا۔
ٹیم کے سابق کپتان ایڈن مارکرم نے 36 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔ امپیکٹ کھلاڑی ٹریوس ہیڈ 31 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ابھیشیک شرما نے 12 گیندوں پر 37 رنز کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی۔ چنئی کی جانب سے معین علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔سی ایس کے کے لیے شیوم دوبے نے 24 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ اجنکیا رہانے نے 35 رنز کا تعاون دیا۔ آخر میں رویندرجڈیجہ نے ناقابل شکست 31 رنز بنائے۔ حیدرآباد کی جانب سے بھونیشور کمار، ٹی نٹراجن، پیٹ کمنز، شہباز احمد اور جے دیو انادکٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔