دبئی، 03 جون (یو این آئی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے امریکہ اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی -20 ورلڈ کپ 2024 کی انعامی رقم کو گزشتہ سال کے مقابلے بڑھاکر تقریباً دو گنا 94 کروڑ روپے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آئی سی سی کے اعلان کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 11.25 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 94 کروڑ روپے) کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ گزشتہ ٹی-20 ورلڈ کپ کی کل انعامی رقم تقریباً 47 کروڑ روپے تھی جو اس بار دگنی کر دی گئی ہے۔ اس بار ٹی-20 ورلڈ کپ کا خطاب جیتنے والی ٹیم کو 2.45 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 20.37 کروڑ روپے) ملنے جا رہے ہیں۔ یہ آخری فاتح کو ملنے والی رقم سے 7 کروڑ روپے زیادہ ہے۔ اس بار رنر اپ ٹیم کو 1.28 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 10.64 کروڑ روپے) ملنے جا رہے ہیں۔ پچھلی بار رنر اپ رہنے والی ٹیم کو تقریباً 6.65 کروڑ روپے ملے تھے۔ سیمی فائنل میں ہارنے والی دونوں ٹیموں کو تقریباً 6.55 کروڑ روپے ملیں گے۔ سپر 8 سے باہر ہونے والی چار ٹیموں کو تقریباً 3.17 کروڑ روپے ملیں گے اور 10ویں، 11ویں اور 12ویں نمبر پر آنے والی ٹیموں کو 2.05 کروڑ روپے ملیں گے۔ 13 ویں سے 20 ویں نمبر پر آنے والی ٹیموں کو 1.87 کروڑ روپے کی رقم دی جائے گی۔ سیمی فائنل اور فائنل کے علاوہ ہر ٹیم کو ایک میچ جیتنے پر تقریباً 26 لاکھ روپے کی اضافی رقم بھی فراہم کی جائے گی۔