دبئی، 17 جنوری (یو این آئی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان آئندہ خواتین کی ٹی 20 بین الاقوامی دو طرفہ سیریز کے لیے انگلینڈ کی سو ریڈ فیرن کو خاتون نیوٹرل امپائر مقرر کیا ہے۔تمام آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ سیریز اور ٹی20 انٹرنیشنل میچ کے لیے آئی سی سی کے ایک ںیوٹرل امپائرمقررکرنے کے فیصلے کے بعد ریڈفرن کی تقرری کی گئی ہے۔ اسی کے ساتھ ہی ریڈفرن دو طرفہ سیریز میں آئی سی سی کی طرف سے مقرر کی گئی پہلی خاتون نیوٹرل امپائر بن گئی ہیں۔ریڈفرن نے اپنی تقرری کے بارے میں کہا، یہ خواتین کی کرکٹ اور خواتین کی کرکٹ حکام دونوں کے لیے ایک اہم لمحہ ہے۔ میں آئی سی سی اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی حمایت کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔