آئیے، شام کو پھانسی پر لٹک جاتے ہیں

0
12

نئی دہلی 21مئی: خاتون پہلوانوں کے ساتھ جنسی استحصال کے معاملے میں ملزم ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سابق صدر برج بھوشن شرن سنگھ پر راؤز ایونیو کورٹ نے رسمی طور پر الزامات طے کر دیے۔ اس دوران برج بھوشن نے کہا کہ ’’میں قصوروار نہیں ہوں، مقدمات کا سامنا کروں گا۔‘‘ اب اس معاملے میں آئندہ سماعت کے لیے یکم جون کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ راؤز ایونیو کورٹ میں برج بھوشن کے خلاف الزام طے ہونے کے بعد عدالت سے باہر میڈیا نے جب ان کے پچھلے بیان (جس میں 11 مئی کو انھوں نے کہا تھا کہ الزام ثابت ہونے پر پھانسی پر لٹک جاؤں گا) کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے برجستہ انداز میں کہہ دیا ’شام کو آ جائیے، لٹک جاتے ہیں۔‘ پھر انھوں نے نامہ نگار سے کہا کہ ’’کیا آپ مذاق کر رہے ہیں؟ میں نے کہا تھا کہ جس دن الزام ثابت ہوگا، فی الحال میرے خلاف الزام طے کیے گئے ہیں۔ انھیں اب اسے عدالت میں ثابت کرنا ہوگا اور ان کے پاس موجود ثبوتوں کے بارے میں بتانا ہوگا۔‘‘ برج بھوشن نے یہ بھی کہا کہ ’’میرے پاس میری بے گناہی کے سبھی ثبوت ہیں۔ یہ سبھی جھوٹے معاملے ہیں۔ دہلی پولیس کو ثابت کرنا ہوگا کہ ان کے پاس میرے خلاف کیا ثبوت ہیں۔‘‘ جب ایک نامہ نگار نے یہ سوال کیا کہ کیا الزامات کی وجہ سے انھیں الیکشن ٹکٹ کی قیمت ادا کرنی پڑی؟ اس پر برج بھوشن سنگھ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا ’’میرے بیٹے کو ٹکٹ ملا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ اپوزیشن پارٹیاں لگاتار اس بات کو لے کر بی جے پی پر حملہ آور رہی ہیں کہ برج بھوشن کے دباؤ میں پارٹی نے ان کے بیٹے کو ٹکٹ دے دیا۔