لکھنؤ، 20 مئی (یو این آئی) ملک میں سبھی کے ساتھ انصاف ہو، آئین کا تحفظ ہو اور کسی بھی شخص کے ساتھ ناانصافی نہ ہو، چاہے وہ کسی بھی مذہب، ذات برادری سے تعلق رکھتا ہواور اس کے لئے اقتدار کی تبدیلی ضروری ہے۔یہ بات معروف عالم دین مولانا خلیل الرحمٰن سجاد نعمانی نے لکھنؤ میں اپنے حق رائے دہی کااستعمال کرنے کے بعد میڈیا سے پات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے عید منانے اور مسلمانوں کی مخالفت نہ کرنے والے بیان پر کہا کہ ہمارے ملک کے وزیراعظم شام کو کچھ بیان دیتے ہیں اور صبح ان کی بیانات میں تبدیلی ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا میں وزیر اعظم کی صحت کے لیے دعا کرتا ہوں۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ووٹنگ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک کا آئین دنیا کا سب سے شاندار آئین ہے، اس کے تحفظ کے لیے سب کو ووٹ کرنا چاہیے۔